ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا: بہار میں بھی نائٹ کرفیو کا اعلان، مندر-مسجد میں داخلہ ممنوع، دکانوں کو 8 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت

کورونا: بہار میں بھی نائٹ کرفیو کا اعلان، مندر-مسجد میں داخلہ ممنوع، دکانوں کو 8 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت

Wed, 05 Jan 2022 11:10:29    S.O. News Service

پٹنہ، 5؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ کے بعد ریاستی حکومت نے نائٹ کرفیو لگانے کے ساتھ کئی طرح کی مزید پابندیوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ریاست میں مندر-مسجد، سنیما ہال، پارک آئندہ حکم تک بند رہیں گے۔ ضروری خدمات کو چھوڑ کر سبھی دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کریں گی۔ اس کے علاوہ پری-اسکول اور 1 سے 8ویں تک کے بچوں کے لیے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن کلاسز ہوں گی۔ 9ویں سے 12ویں تک کے طلبا کے لیے کلاسز 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلیں گی۔

منگل کے روز دیر شام جاری حکم کے مطابق پورے بہار میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو رہے گا۔ سبھی عبادت گاہوں کو عام لوگوں کے لیے آئندہ حکم تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں سنیما ہال، جِم، پارک، کلب، اسٹیڈیم ور سوئمنگ پول پوری طرح سے بند رہیں گے۔ فی الحال یہ حکم 6 جنوری سے 21 جنوری تک کے لیے نافذ رہے گا۔

اس کے علاوہ حکم میں کہا گیا ہے کہ ضروری خدمات کو چھوڑ کر سبھی دکانیں اور ادارے رات 8 بجے تک ہی کھلے رہیں گے۔ ریسٹورینٹس، ڈھابہ کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی اجازت رہے گی۔ شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ 50 اشخاص اور کسی کے انتقال پر آخری رسومات میں زیادہ سے زیادہ 20 اشخاص شامل ہوں گے۔ سبھی سیاسی ور ثقافتی تقاریب میں زیادہ سے زیادہ 50 لوگوں کی اجازت دی گئی ہے۔

نتیش حکومت نے یہ سختی اس لیے دکھائی ہے کیونکہ ریاست میں کورونا کے معاملے گزشتہ کچھ دنوں میں تیزی کے ساتھ بڑھے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 893 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور راجدھانی پٹنہ میں سب سے زیادہ 565 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس درمیان خبر ہے کہ نتیش کمار نے اپنی ’سماج سدھار یاترا‘ اور اپنا ہفتہ واری ’جنتا دربار‘ پروگرام بھی 21 جنوری تک ملتوی کر دیا ہے۔


Share: